تھانہ سٹی چکوال پولیس کی کارروائیاں، 150 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار

 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار، ڈکیتی گینگ بھی دھر لیا گیا

 چکوال (ملک ارسلان ضیاء سے)تھانہ سٹی چکوال پولیس کی کارروائیاں، 150 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار، ڈکیتی گینگ بھی دھر لیا گیا

 تھانہ سٹی چکوال کے علاقہ میں رضا کارانہ وطن واپسی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد اب تک 150 کے قریب غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ سٹی چکوال ملک ضمیر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری غیر قانونی شخص کو بھی ملک بدر نہیں کر دیا جاتا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں پولیس سے تعاون کریں تاکہ غیر قانونی تارکین وطن کو جلد از جلد ان کے ملک واپس بھجوایا جا سکے۔

ایس ایچ او ملک ضمیر حسین نے مزید بتایا کہ پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک بڑے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے کارندے چکوال کے مختلف قصبات سے تعلق رکھتے ہیں۔ چکوال شہر میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی وارداتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان وارداتوں کے پیچھے کوئی منظم گروہ سرگرم نہیں ہے بلکہ زیادہ تر منشیات کے عادی افراد ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے متعدد ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Post a Comment

0 Comments